منگلورو 7؍دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا نام بدل کر کوٹی چینّیا کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئےبیلّوا سماج کی تنظیم ’بیلّوا بریگیڈ ‘ کے بینر تحت کودرولی مندر سے کینجار تک ایک زبردست بائک ریالی نکالی نکالی گئی۔ مگر پولیس نے مداخلت کرتےہوئے بائک ریالی کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی تو بریگیڈ کے کارکنان نے اپنی موٹر بائکس کینجار میں ہی چھوڑ کر پیدل مارچ اور نعرہ بازی کرتے ہوئے آگے نکل پڑے۔
ریالی کے اختتامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ستیہ جیت سورتکل نے کہا :’’ جب تک ایئر پورٹ کو کوٹی چینّیا کے نام سے منسوب نہیں کیاجاتا تب تک احتجاج جاری رہے گا۔ یہ صرف ایک دن کا احتجاج نہیں ہے۔ ہم نے جو درخواست ریاستی حکومت کو بھیجی تھی، اس پر ابھی تک کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔کوٹی چینّیا تُولو ناڈو کی دو عظیم شخصیات تھیں۔اس لئے ایئر پورٹ کو ان کے نام سے منسوب کیا جانا چاہیے۔جب تک ایئر پورٹ کا نام تبدیل نہیں کیاجاتا ، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ ہمار ااحتجاج جاری رہے گا۔‘‘اس کے علاوہ راج شیکھر کوٹیان نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔
اس موقع پرایک ہزار سے زائد کارکنان کے علاوہ قائدین کی حیثیت سے جیون پجاری، اکشیت سوورنا، ویویک پناما، پرتیبھا کولائی، سورج کماروغیرہ موجود تھے۔